*دنیا کا سب سے قیمتی پانی*
*دنیا کا سب سے قیمتی پانی*
آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں جا کر کسی بھی صاحب ایمان سے پوچھیں کہ دنیا کا سب سے قیمتی پانی کونسا ہے؟ تو بچہ بچہ یہی جواب دے گا کہ وہ مبارک پانی زمزم ہے جو مکہ مکرمہ میں ہے، زمزم یہ اللہ رب العالمین کی عظیم نشانیوں میں سے ایک عظیم نشانی ہے، زمزم کا نام سنتے ہی فوراً سیدنا ابراہیم، اسماعیل اور حضرت ہاجرہ علیھم الصلاۃ والتسلیم کی تاریخ اور ان کی بےمثال قربانیاں دل ودماغ میں گردش کرنے لگتی ہیں، اور جب ان کی تاریخ یاد آتی ہے تو آنکھیں اشک بار ہوجاتی ہیں-
زمزم کی تاریخ بڑی قدیم ہے، جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی بیوی ہاجرہ اور اپنے فرزند ارجمند اسماعیل کو اللہ کے حکم سے مکہ مکرمہ میں چھوڑ کر چلے گئے اور پھر کچھ دنوں کے بعد حضرت اسماعیل سخت پیاسے ہوگئے تو حضرت ہاجرہ اپنے شیرخوار بچے کو پانی پلانے کے لیے بالکل بےتاب ہوگئیں، پانی کی تلاش میں صفا پہاڑی سے مروہ اور مروہ پہاڑی سے صفا چکر لگانے لگیں، لیکن کہیں پانی ندارد، مگر اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا، بالآخر ناامید ہو کر اپنے بچے اسماعیل علیہ السلام کے پاس آئیں تو دیکھا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کے قدموں تلے زمین سے چشمہ پھوٹ رہا ہے، اللہ اکبر! ہاجرہ علیہ السلام بہت خوش ہوئیں اور پانی کی حفاظت کے لیے ابلتے چشمے کے چاروں سمت منڈیر باندھنے لگیں، اسی پانی کو زمزم کہا جاتا ہے، جو مکہ مکرمہ کی امتیازی خصوصیت میں سے ہے، زمزم کا پانی اہمیت اور برکت کے اعتبار سے یہ دنیا کا سب سے قیمتی پانی ہے، اس پانی کی عجیب تاثیر ہے، وہ یہ کہ جس مقصد سے اسے نوش کیا جائے وہ مقصد حاصل ہوتا ہے، جیسا کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "مَاءُ زَمْزَمَ لِمَا شُرِبَ لَهُ"(سنن ابن ماجه:3053/صحيح) زمزم کا پانی جس کے لیے پیا جائے اسی کے لیے ہے-
قارئین کرام! اللہ جزائے خیر دے خدام الحرمین الشریفین کو، مسجد حرام کے گوشے گوشے میں جملہ زائرین کے پینے اور اپنی قیام گاہ میں لے جانے کے لیے لامحدود زمزم کے کَین(ڈبے، برتن) رکھے ہوئے ہیں، جن برتنوں سے لاکھوں حجاج، معتمرین اور زائرین مستفیض ہوتے ہیں، سکم سیر ہو کر نوش کرتے ہیں، اپنے سروں اور بالوں کو اس سے تَر کرتے ہیں، اور مکہ مکرمہ سے کوچ کرتے وقت سارے زائرین اپنے اہل وعیال اور دوست واحباب کو پلانے کے لیے زمزم بھر بھر کر اپنے شہر لے جاتے ہیں، ذرا سوچیے کہ یہ معمولی سا کنواں ہر شب وروز کتنے ملین فرزندان توحید کو سیراب کرتا ہوگا، یہ صرف اللہ کی برکت اور اس کی عظیم قدرت کا مظہر اور کرشمہ ہے، سیدنا ابراہیم، اسماعیل اور ہاجرہ علیھم الصلاۃ والتسلیم کی دعاؤں اور ان کی خدمات اور قربانیوں کی مرہون منت ہے-
زمزم یہ وہ مبارک پانی ہے جس کے پینے کا ہر مسلمان بڑا خواہش مند رہتا ہے، لیکن غور کیجیے کہ زمزم کا پانی کتنا عظیم ہے مگر اللہ کی رحمت دیکھیے کہ یہ پانی بالکل فری ہے یہاں تک کہ فلائٹ میں زمزم کا کرایہ بھی مفت ہے، لیکن اس کے کچھ شرائط ہیں جس کی وضاحت کی یہاں چنداں ضرورت نہیں-
خلاصہ کلام یہ ہے کہ زمزم دنیا کا سب قیمتی اور بابرکت پانی ہے، لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم زمزم سے مستفید ہونے کی بھرپور کوشش کریں، اس سے برکت حاصل کریں، خوب سکم سیر ہو کر نوش کریں، دعاہےرب العالمین سے کہ مولائے کریم ہم سبھوں کو زمزم پینے اور پلانے کی توفیق ارزانی دے آمین-
*فندق زهرةالصلاح نزد برج الساعة، مهبط وحی مکہ مکرمہ سعودی عرب*
Comments
Post a Comment