آپ نے مسجد کیوں چھوڑ دی؟
بسم الله الرحمن الرحيم وبه نستعين آپ نے مسجد کیوں چھوڑ دی؟ *ازقلم:عبیداللہ بن شفیق الرحمٰن اعظمی محمدی مہسلہ* مسجد اللہ کا گھر ہے، اللہ کے نزدیک اس روئے زمین کی سب سے پاکیزہ اور سب سے پیاری جگہ مسجد ہے، سوچیے دنیا میں ہزاروں اور کھربوں کی تعداد میں بڑے بڑے محلات ہوں گے، شاہی حویلیاں ہوں گی، شیش محل ہوں گے، عمدہ و حسین گھر ہوں گے، عجوبہ مکانات ہوں گے، مگر وہ سب پیارے نہیں ہیں، مسجد اللہ کو پیاری ہے چاہے وہ جیسی بھی ہو، چھپر کی ہو، لکڑی کی ہو، چھت نما ہو، چھوٹی ہو، بڑی ہو، یقیناً بڑا خوش نصیب ہے وہ انسان جس کا قدم مسجد کی طرف بڑھتا ہے، مسجد سے قریب رہتا ہے اور بڑا بدنصیب ہے وہ انسان جو مسجد سے بھاگتا ہے، باجماعت مسجد میں نماز نہیں ادا کرتا ہے، مسجد سے دشمنی کرتا ہے، جہالت کی انتہاء ہے کہ آدمی اپنی مسجد چھوڑ دے اور گھر میں نماز پڑھے، اسلام میں اجتماعیت ہے، باجماعت نماز پڑھنے کی فضیلت بھی ہے، تاکید بھی ہے اور جماعت چھوڑنے پر وعید بھی ہے، بعض علماء نے یہاں تک کہا ہے...